کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھاربارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں،ٹریفک جام سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں۔
امت کے نمائندے کے مطابق لانڈھی،قائد آباد، بن قاسم،شاہ لطیف ٹائون، ملیر،کورنگی،نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی،انچولی ایف بی ایریا میں بارش ہوئی جس کے بعد شہرمیں ٹریفک جام ہوگیا اورگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
ڈیفنس، قیوم آباد، کالا پل، جناح ہسپتال، شاہ فیصل کالونی،صدر،لیاری، کیماڑی اوردیگرعلاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
امت کے نمائندے کے مطابق سب سے زیادہ بارش نارتھ ناظم آباد اورگلشن حدید میں ہوئی، ناگن چورنگی کے قریب برساتی نالے ابل پڑے،پانی سڑکوں پرآ گیا۔
مختلف سڑکوں پربارش کا پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے اہم شاہراہوں پرٹریفک کوآمد ورفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
بارش کے قطرے پڑتے ہی حسب معمول شہرکے مختلف علاقوں میں بجلی بھی معطل ہوگئی،محکمہ موسمیات نے آج سے شہر میں معتدل بارش کی پیش گوئی کی ہے جواتوارتک جاری رہنے کا امکان ہے۔