کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ جوڈیشل کمپلیکس نے عذیر بلوچ کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔فائل فوٹو
کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ جوڈیشل کمپلیکس نے عذیر بلوچ کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔فائل فوٹو

عزیر بلوچ و دیگر ملزمان کے خلاف ترمیمی فرد جرم عائد

انسداد دہشت گردی عدالت نے عزیر بلوچ سمیت ملزمان کے خلاف 5 مقدمات میں ترمیمی فرد جرم عائد کی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکارکردیا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ارشد پپو قتل کیس کی سماعت ہوئی۔عزیر بلوچ سمیت دیگر ملزمان نے صحت جرم سے انکارکردیا۔

دوران سماعت عزیر بلوچ سے استفسار کیا گیا کہ آپ پرارشد پپو ودیگرکے قتل کا الزام ہے، کیا جرم قبول ہے؟ کمرہ عدالت میں موجود عزیر بلوچ سمیت دیگرملزمان نے صحت جرم سے انکارکردیا۔ مقدمے کے دیگر ملزمان سابق ایس ایچ او چاند خان نیازی، یوسف ودیگر شامل ہیں۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے جیل مینوئل پر عمل درآمد سے متعلق سرکاری وکیل سے بھی جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 14 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

گزشتہ ماہ انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) نے پولیس پر حملے سمیت 14 مقدمات میں بھی عزیر بلوچ پر فرد جرم عائد کی تھی۔ جس میں ہنگامہ آرائی، جلاؤ گھیراؤ اور پولیس پرحملے سمیت دیگر مقدمات شامل تھے۔