اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کے الیکٹرک کیخلاف عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور اربوں روپے کی اووربلنگ پر انکوائری کی ہدایت کر دی ہے۔
چیئرمین نیب نے کے الیکٹرک کی جانب سے حکومت پاکستان سے کیے گئے معاہدوں کی پاسداری نہ کرنے پر بھی ایکشن لیتے ہوئے ان کی تفصیلات حاصل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
خیال رہے کہ کے الیکٹرک پر عوام سے اووربلنگ کی مد میں اربوں روپے کی رقوم ہتھیانے کا بھی الزام ہے۔ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب کراچی کو کے الیکٹرک کے خلاف تین ماہ میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب مزار قائد کے گرد چائنہ کٹنگ کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نیب رپورٹ طلب کر لی ہے۔ خیال رہے کہ چیئرمین نیب نے مزار قائد کے گرد چائنہ کٹنگ کی تحقیقات کا حکم دے رکھا تھا، اس سلسلے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور مزار قائد انتظامیہ کیخلاف تحقیقات کا حکم دیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ ٹائر سکینڈل اور اینکر پرسن مرید عباس قتل پر انکوائری رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔ ٹائر سکینڈل میں مبینہ طور پر اربوں روپے کے فراڈ پر چیئرمین نیب نے نوٹس لیا تھا۔