پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاق کے کراچی کیلئے اعلان کردہ 1100 ارب روپے کے پیکج میں سے 800 ارب روپے کے منصوبے سندھ حکومت کے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے طوفانی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا جس کے بعد کراچی کے نئے ضلع کیماڑی کے سب ڈویژن ماڑی پور میں کارکنوں سے خطاب بھی کیا۔
اس دوران بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم کراچی کے مسائل حل کرسکتے ہیں، وفاق سے اپنا حق لینا ہوگا، کراچی کیلئے وفاقی حکومت نے 300 ارب روپے کا پیکج دیا ہے، سندھ حکومت نے 800 ارب روپے رکھے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کراچی کی ترقی کیلئے اچھی شروعات ہے، سندھ کے عوام کو ريليف کے کاموں ميں مدد کی ضرورت ہے لہٰذا وزيراعظم عوام کی مدد کیلئے ہمارا ساتھ ديں۔
ان کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری کے دور میں جب سیلاب آیا تو وطن کارڈ سے مدد کی، لوگوں کی جان و مال، فصلوں کانقصان ہوا ہے، ہر قدم پر ان کی مدد کی کوشش کررہے ہیں، وزیراعظم بھی اس معاملے پر ہمارا ساتھ دیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے طوفانی بارشوں کے ایک ہفتے بعد کراچی کا دورہ کیا اور شہر کیلئے 1100 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔