ملک بھر میں آج یوم دفاع پاکستان قومی اور ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
یوم دفاع کی مناسبت سے علی الصبح وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد میں فوج کے شہدا کیلئے قرآن خوانی اور ملکی استحکام کیلئے دعائیں کی گئیں جب کہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی دعائیہ تقریبات ہوئیں۔
یوم دفاع پاکستان پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں یادگار شہدا پر تقریب ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی یادگار شہدا پر یوم دفاع کی تقریب ہوئی۔ نیول چیف ایڈمرل ظفرمحمودعباسی نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
تقریب کے آخر میں نیول چیف نے شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات بھی کی۔ قبل ازیں سربراہ پاک بحریہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ یہ دن ہمیں پاکستانی قوم اور افواج کے غیر متزلزل عزم اور بہادری کی یاد اور شہداء و غازیوں کی بے مثال بہادری اور قربانیوں کا غماز ہے جو دشمن کی عددی برتری کے باوجود ثابت قدم رہے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔
نیول چیف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کی جرأتمندانہ جنگی حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ قابلیت نے دشمن کو بچاؤ کی پالیسی اپنانے پر مجبور کیا۔ پاک بحریہ کے جہازوں نے آپریشن ”سومناتھ“ کے دوران بے مثال بہادری سے دوارکا میں قائم بھارتی ریڈار اسٹیشن کو تباہ کیا۔ پاک بحریہ کی آبدوز غازی نے بحر ہند میں اپنا تسلط قائم رکھتے ہوئے بھارتی بحری جنگی بیڑے کو بندرگاہ تک ہی مقید رکھا۔
انہوں نے کہاکہ پاک بحریہ آج بھی دشمن کی سازشوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلیے ہمہ وقت تیار ہے۔ آج پاک بحریہ کے تمام آفیسرز اور جوان ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کیلیے اپنے عزم کو دہراتے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کیلیے ایک ترقی یافتہ اورپرامید مستقبل مہیا کیا جا سکے۔
’ہر گھڑی تیار کامران ہیں ہم‘
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم دفاع کے موقع پر قوم کے شہدا اور ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قومی جذبوں اور امنگوں سے بھرا گیت ’’ہر گھڑی تیار کامران ہیں ہم‘‘ کا ری میک جاری کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے عوامی امنگوں اور ملی جذبے کو مد نظر رکھتے ہوئے 6 ستمبر 1965 کے ہیروز اور شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نغمہ جاری کیا ہے، یہ گیت آئی ایس پی آر کے یوٹیوب چینل پر جاری کیا گیا جسے وائرل ہوتے ہی ہزاروں لوگوں نے دیکھا اور داد دیے بغیر نہ رہ سکے۔
مزارِ قائدؒ و اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب
ملک بھر میں یوم دفاع اور یوم شہدائے پاکستان قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، مزار قائدؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے، لاہور میں مزار اقبال اور نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں تقریبات ہوئیں۔
یوم دفاع اور یوم شہدائے پاکستان پر تقریبات کا اہتمام، کراچی میں مرکزی تقریب مزار قائد پر ہوئی۔ پاک فضائیہ کی اصغر خان اکیڈمی کے چاق و چوبند دست نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ اس موقع پر سلامی بھی پیش کی گئی، قومی نغموں کی دھنیں بجائی گئیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل شکیل غضنفر نے مزار قائدؒ پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ فرائض سنبھالنے والے گارڈز میں 3 خواتین سمیت 46 کیڈٹس شامل ہیں۔
مہمان خصوصی نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایئروائس مارشل شکیل غضنفر نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو پاکستان کی بقا کی جنگ تھی، ہمارا مقابلہ کئی گنا بڑے دشمن سے تھا، پاک فوج کے بہادر سپوتوں نے دشمن کا جوانمردی سے مقابلہ کیا۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ ازلی دشمن آج بھی ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے، حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کاساتھ دیتےرہیں گے۔ بھارت پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم کےقوم کے نام خصوصی پیغامات
صدرِ پاکستان عارف علوی نے قوم کے نام خصوصی پیغام میں کہا کہ آج پوری قوم شہدائے وطن کو سلام اور ان کے اہلخانہ کے جذبہ استقلال کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، وطن عزیز کیلئے جذبہ قربانی 1965 سے ہمارے دلوں میں زندہ ہے، فخر ہے اسی جذبےکی بدولت ہم بہت سےامتحانوں میں خروہوئے۔
عارف علوی نے کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جذبہ ایمانی نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنا دیا، ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت، ملکی استحکام میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ ہم نے خطے کے امن و سلامتی کے لیے مثبت کوششیں کی ہیں۔ ہمارا ازلی دشمن آج بھی ہمارےخلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے، دشمن اندرونی استحکام کونقصان پہنچانےکی خفیہ سازشوں میں ملوث ہے، ملکی دفاع اور سلامتی پر ہرگزسمجھوتہ نہیں کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کا یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ 6 ستمبر کا دن پاک افواج کی جرات، عزم اور ایثار کی علامت ہے، مسلح افواج نے ثابت کیا کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، 1965 میں قوم اور افواج نے ثابت کیا کہ حجم نہیں، جذبہ اوربہادری اہمیت رکھتی ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ بھارت نے کشمیر میں دہشت اورخوف کا راج مسلط کر رکھا ہے، بھارتی غیرقانونی اقدام اقوام متحدہ کےمنشورکی خلاف ورزی ہے، بھارت ایل او سی پر بھی جارحانہ طرزعمل کا مظاہرہ کر رہا ہے، پاکستان کی امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھے۔