وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں 62فیصد رقم وفاق فراہم کرےگاجبکہ سندھ حکومت 38فیصد خرچ کرے گی،سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کیلیے حقائق کو مسخ کرکے نہ بتایا جائے،کراچی کی ترقی کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے علی زیدی اورامین الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ منصوبے مکمل کرنے کیلیے ضروری ہے سیاست الگ رکھیں،عوامی خدمت کیلیے ایک پلیٹ فارم پر آکر کام کرنا ہوگا،کراچی میں اختیارات تقسیم ہیں جس کی وجہ سے مسائل ہوئے،کام نہ کرنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں،لوکل گورنمنٹ کا عملہ اورافسران فرض کی ادائیگی میں کوتاہی نہ کریں۔
اسد عمر نے کہاکہ پرسوں کراچی کے مسائل کے حل پرغور کررہے تھے،چند منصوبوں کے علاوہ تمام منصوبوں پر اتفاق رائے ہوا،چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا 1100میں سے 800ارب سندھ حکومت دے گی،بلاول بھٹو کا ویڈیو کلپ سامنے آیا کہ صرف 300 ارب وفاق لگا رہا ہے،ہم بحث میں نہیں پڑے کہ سندھ حکومت زیادہ پیسہ لگا رکھی ہے یا وفاق،ہم نے اعادہ کیا کہ یہ نہیں بتانا کون کتنے پیسے لگا رہا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے بھی اس بات کی تائید کی۔
اسد عمر نے کہاکہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں 62فیصد رقم وفاق فراہم کرےگا، سندھ حکومت 38فیصد خرچ کرے گی،1100 ارب صوبہ لگاناچاہتا ہے تو ہمیں کیا مسئلہ ہو سکتا ہے ،انہوں نے کہاکہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کیلیے حقائق کو مسخ کرکے نہ بتایا جائے،کراچی کی ترقی کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔