اندرون سندھ حالیہ بارشوں کی وجہ سےتاحال مسافر ٹرینوں کا شیڈول متاثر ہے، ٹرینیں ایک سے پانچ گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہیں، محکمہ ریلویز نے ٹرینوں کو اوقاتِ کار کے مطابق چلانے کے لیے 2مسافر ٹرینیں ایک دن کے لئے معطل کر دی ہیں۔
محکمہ ریلویز کی ڈویثرنل کمرشل آفیسر شیریں حنا اصغر کا کہنا ہے کہ اندرون سندھ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت کا نظام تاحال معمول پر نہیں آسکا۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی بزنس ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس کو ایک روز کے لیے معطل کیا گیا ہے۔
ڈویثرنل کمرشل آفیسر کا کہنا تھا کہ ٹرینوں کے مسافروں کو دوسری ٹرینوں میں سوارکیا جائے گا تاہم اگر کوئی مسافرٹکٹ کی رقم واپس لینا چاہے تو اسے مکمل ریفنڈ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور سے کراچی جانے والی قراقرم ایکسپریس ایک گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوگی۔