کراچی: سندھ اور پنجاب کے کاٹن زونز میں توقعات کے برعکس مزید بارشیں نہ ہونے سے کپاس کی مجموعی قومی پیداوار میں غیرمعمولی کمی کا خطرہ ٹل گیا۔
کاٹن جنرز فورم کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے گزشتہ ہفتے زیریں سندھ اور جنوبی پنجاب میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی تھی لیکن ان علاقوں میں بارشیں نہ ہونے کے باعث کپاس کی فصل مزید نقصان سے بچ گئی تاہم خدشہ ہے کہ سندھ میں ہونے والی بارشوں کے باعث روئی کی 3 سے 4 لاکھ روئی کی گانٹھوں کے مساوی پھٹی تباہ ہو گئی ہے جس سے ٹیکسٹائل ملوں کو زیادہ روئی درآمد کرنی پڑے گی۔
جنرزفورم کے مطابق پچھلے ہفتے کے دوران سندھ میں ہونے والی شدید بارشوں کے باعث نظام آمدورفت معطل ہونے سے پاکستانی برآمدات بھی کافی حد تک متاثر ہوئیں اور ٹیکسٹائل پراڈکٹس لے کر جانے والے سینکڑوں کنٹینرز کراچی بندرگاہ تک نہ پہنچنے سے کئی ملین ڈالر کی برآمدات معطل ہو گئیں تاہم توقع ہے کہ رواں ہفتے کے دوران یہ برآمدات ممکن ہوسکیں گی۔