خیبر پختونخوا حکومت نے ضمنی انتخابات کے انعقاد سے انکارکردیا جبکہ سندھ نے حامی بھرلی۔
نجی ٹی وی کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے موجودہ حالات میں ضمنی انتخابات کے انعقاد سے انکار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جواب دیا ہے کہ تاحال ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار نہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب نے تاحال الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخابات کے انعقاد سےمتعلق جواب ہی نہیں دیا۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لیے حامی بھرلی اورایس او پیزپرعمل کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کی خالی نشستوں پرانتخابات کرانے پر رضامندی کا اظہارکیا ہے، سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو جواب دیا ہے کہ ضمنی انتخابات کے لیے شیڈول جاری کیا جائے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 7 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات ہونے ہیں اور الیکشن کمیشن نے خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے صوبائی حکومتوں سے رابطہ کیا تھا۔ این اے 75 سیالکوٹ اور این اے 45 اورکزئی، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51 گجرانوالہ کی نشست خالی ہے، سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 ملیر، پی ایس 52، پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ اوربلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین کی نشست خالی ہے۔