اسلام آباد: مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ نادرا سے ڈیٹا لے کر ٹیکس دہندگان میں اضافہ کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ایف بی آر پالیسی بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں چئیرمین ایف بی آر، سینیٹر مرزا محمد آفریدی، چئیرمین نادرا شریک ہوئے۔ نادرا اور ایف بی آر کے مابین معلومات کی رسائی نہ ہونے پر مشیر خزانہ نے برہمی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں نادرا اور ایف بی آر کے درمیان ڈیٹا رسائی کیلئے حماد اظہر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ مشیر خزانہ نے چئیرمین ایف بی آر اور چئیرمین نادرا کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ نادرا اور ایف بی آر کے درمیان ڈیٹا رسائی یقینی بنائی جائے، نادرا سے ڈیٹا لے کر ٹیکس دہندگان میں اضافہ کیا جائے، اور نادرا اور ایف بی آر آئندہ دو ہفتوں میں رپورٹ پیش کریں۔