لاہور: قومی احتساب بیورونے قرنطینہ مراکز میں مبینہ کرپشن کی شکایات پر تحقیقات کا آغاز کردیا۔
ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے عالمی وبا سے نمٹنے کے لئے بنائے گئے قرنظینہ مراکز میں ہونے والی مبینہ کرپشن کی تحقیقات شروع کردی ہیں، نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر ایکسپو سینٹر، کالا شاہ کاکو یو ای ٹی کیمپس میں بنائے گئے مراکز کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق تینوں مراکز میں ٹینڈرز، بڈنگ اور سامان کی خریداری میں کرپشن کی شکایات موصول ہوئی ہیں، مراکز کے ٹھیکوں میں من پسند افراد کو نوازنے کے شواہد موصول ہوئے ہیں، اور شکایت ملی ہے کہ قرنطینہ سنٹرز میں مہیا کی گئی اشیاء مہنگے داموں خریدی گئیں، تینوں مراکز پر پنجاب حکومت، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قرنطینہ سینٹرز میں گدے، تکیے، کمبل، کرسیوں، میزوں، کنوپیوں اور پنکھوں سمیت دیگر اشیا کی خریداری سے متعلق تحقیقات کی جائیں گی، اور متعلقہ اداروں سے لکڑی کے کیبن، شیشے کے دروازے، لوہے کے بیڈز، بیڈ شیٹس کا تخمینے کا ریکارڈ مانگا گیا ہے، جب کہ اشیاء کی خریداری کے بعد کیے گئے آڈٹ کی رپورٹس بھی مانگی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ ایکسپو سینٹر میں 4 ہالز میں 1050 بستروں پر مشتمل قرنطینہ سینٹر بنایا گیا تھا، جب کہ کالا شاہ کاکو میں 25 بستروں پر مشتمل سینٹر بنایا گیا تھا۔