لاہور: سانحہ موٹروے کے مجرم کی پنجاب فارنزک لیبارٹری میں ڈی این اے میچ ہونے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ’’تھینک یو نوازشریف اینڈ شہباز شریف، آپ کی محنت رنگ لائی، قوم کی بیٹی کے مجرم پکڑے گئے‘‘۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے پاکستان کی پہلی جدید ترین فارنزک لیبارٹری بنانے کا کارنامہ انجام دیا، شہباز شریف کا قائم کردہ جدید ترین ادارہ جرم اور مجرموں کو شکنجے میں کس رہا ہے، شہباز شریف کی قائم کردہ پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری کو دنیا میں دوسری سب سے جدید اور قابل اعتبار لیبارٹری کا درجہ دیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس لیبارٹری نے مجرموں کا ڈیٹا جمع کیا، جدید ترین نظام کی بدولت موٹر وے پر ظلم کرنے والے کا سراغ لگایا جاسکا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں کیے گئے کام آج بول رہے ہیں، قوم کو انصاف دلارہے ہیں، اگر آج یہ فارنزک لیب نہ ہوتی تو مجرم تک پہنچنا ممکن نہ ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیب میں جرأت ہے تو پنجاب فارنزک کے قیام پر بھی شہباز شریف پر مقدمہ بنادے، جدید آلات سے لیس پنجاب فارنزک پورے پاکستان میں اپنی نوعیت کی واحد اور منفرد لیبارٹری ہے، اس لیبارٹری نے دہشت گردوں کا پتا لگانے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے میں بھی تاریخی کردار ادا کیا ہے۔