محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں بارش کی پیشگوئی کردی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق محکمہ موسمیات نے گرمی سے ستائے کراچی کے شہریوں کو ایک بار پھر بارش کی نوید سنائی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا کم دباؤ بھارتی گجرات پر موجود ہے جس کا کا پھیلاؤ مشرقی سندھ تک پہنچ رہا ہے، جس کے باعث کراچی کے مشرقی اور شمال مشرقی حصے میں معتدل بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام تک کراچی میں بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، جب کہ تھرپارکر، بدین، میرپورخاص، عمرکورٹ، بے نظیرآباد، دادو، سکھر اور لاڑکانہ میں کہیں گرج چمک کے ساتھ معتدل اورکہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک اور ہوا کا کم دباؤ خلیج بنگال میں 19 سے 20 ستمبر کے قریب بن رہا ہے۔