گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نےکہا ہے کہ خواتین کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کی سزا پھانسی ہونی چاہیے۔
لاہور میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچر میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ خاتون زیادتی کیس سے سب کے سر شرم سے جھک گئے ہیں، خواتین سے زیادتی دہشت گردی ہے، تفتیش ہونی چاہیے کہ موٹروے پر پولیس کیوں تعینات نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جب تک سزا اور جزا کا نظام نہیں آئےگا معاملات ٹھیک نہیں ہوں گے، خواتین کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کی سزا پھانسی ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہماری تفتیش اورپراسیکیوشن بہت کمزور اوربوسیدہ ہے، ہمارے ہر ادارے میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ موٹروے زیادتی کیس میں ملزمان جلد گرفتار ہوں گے اور ان کو عبرت ناک سزا دیں گے جب کہ سی سی پی او کو الفاظ کا چناؤ صحیح کرنا چاہیے تھا۔