سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی نے موٹروے زیادتی کیس سے متعلق بریفبگ کے لیے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسرعمر شیخ کی عدم حاضری پر کمیٹی سخت برہمی کا اظہارکیا ہے۔
سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کے چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سی سی پی او لاہورکو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا۔
سینیٹر مصطفیٰ کھوکھر نے سخت برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کیا سی سی پی او آسمان سے اترے ہیں؟ سی سی پی او کی عدم حاضری قابل قبول نہیں۔
کمیٹی نے سی سی پی او لاہور کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرانے کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی نے سی سی پی او کو طلب کرنے کا سمن جاری کردیا۔
وزارت مواصلات نے کمیٹی کو بتایا کہ خاتون کے ساتھ زیادتی کا واقعہ موٹروے پر پیش نہیں آیا۔
آئی جی موٹرویز نے کمیٹی کو واقعے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ خاتون نے رات کو 2 بجکر 1 منٹ پر کال کی۔ آپریٹر عابد نے کال اٹھائی، جس پر خاتون نے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔
آپریٹر نے خاتون کو بتایا کہ یہ ان کی حد نہیں۔ آپریٹر نے خاتون سے کہا کہ آپ رکیں میں متعلقہ حکام کو آگاہ کرتا ہوں۔ آپریٹر نے خاتون سے بات کرنے کے بعد ایف ڈبلیو اوکواطلاع دی۔