ملزم عابد کو پکڑنے کا ٹاسک سی ٹی ڈی کے سپرد،گرفتار ملزم شفقت سے جیل میں تفتیش جاری
ملزم عابد کو پکڑنے کا ٹاسک سی ٹی ڈی کے سپرد،گرفتار ملزم شفقت سے جیل میں تفتیش جاری

سانحہ موٹروے میں اہم پیشرفت، مرکزی ملزم عابد علی کی اہلیہ گرفتار

لاہور: پولیس نے موٹروے پر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے مرکزی ملزم عابد علی کی اہلیہ بشریٰ کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والی خاتون بشریٰ کی ملزم عابد ملہی سے یہ دوسری شادی تھی۔ ملزم عابد کی اہلیہ تحصیل تاندلیہ والا، ضلع فیصل آباد کی رہائشی ہے۔
مرکزی ملزم عابد علی کی خاتون بشریٰ سے ایک بیٹی ہے جبکہ سابق شوہر سے اس کے چار بچے ہیں۔
خیال رہے کہ موٹروے پر خاتون سے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد اب تک قانون کی گرفت میں نہ آسکا، پولیس نے ملزم کو پکڑنے کا ٹاسک سی ٹی ڈی کو دے دیا۔ گرفتار ملزم شفقت سے جیل میں تفتیش جاری ہے۔
موٹروے پر خاتون سے زیادتی کیس کو 8 روز گزر چکے ہیں۔ مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور پھرتیاں سب بے سود رہیں۔ سی آئی اے پولیس سے کچھ نہ بنا تو ملزم کو پکڑنے کا ٹاسک سی ٹی ڈی کو دے دیا گیا ہے۔
ادھر ابھی تک متاثرہ خاتون کا بیان بھی ریکارڈ نہیں ہو سکا ہے۔ خاتون کے بیانات قلمبند کرانے کے لیے علیحدہ ٹیم بنا دی گئی جو رابطہ کرے گی۔ پولیس کا کہنا ہے خاتون کا بیان قانونی طور پر بہت ضروری ہے۔
دوسری طرف سانحہ موٹروے میں زیر حراست وقار کے برادر نسبتی عباس اور بھائیوں سلامت اور بوٹا کو رہا کر دیا گیا۔ تینوں کو شک کی بنا پر حراست میں لیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ملزم وقار کی بھی جلد رہائی کا امکان ہے۔ اس کی ڈی این اے رپورٹ آنے کے بعد اسے رہا کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ ہوگا۔