نیب نے علیم خان کے خلاف آمدن سے زائداثاثہ جات کا ریفرنس تیارکرلیا۔
نیب لاہور نے پنجاب کے پی ٹی آئی رہنما اوروزیرخوراک پنجاب عبدالعلیم خان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ریفرنس منظوری کے لیے ہیڈ کوارٹرارسال کردیا۔
نیب ذرائع کے مطابق نیب لاہورکی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے گزشتہ روزہونے والی بریفنگ میں چیئرمین نیب سے زبانی منظوری حاصل کرلی تھی۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان کے خلاف ان کی ثابت شدہ آمدن سے 1 ارب 40 کروڑ مالیت کے زائد اثاثہ جات کا ریفرنس تیار کیا گیا ہے، ریفرنس میں علیم خان کے نام اندرون و بیرون ملک متعدد قیمتی اثاثہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے اب تک ذرائع نامعلوم ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق علیم خان کے خلاف تحقیقات میں ان کے دو مبینہ فرنٹ مین عمر فاروق اور عمیر کے ذریعے پارک ویو سوسائٹی میں ہیر پھیرکے شواہد حاصل کیے گئے ہیں،400 سے 500 متاثرین کے پلاٹوں کو معروف ہائوسنگ سوسائٹی میں منتقلی کرتے ہوئے مذکورہ فرنٹ مین نے علیم خان کو کروڑوں روپے کا غیرقانونی انداز میں فائدہ پہنچایا۔
نیب قانون کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ملزم کو قید کی سزا کے علاوہ ناصرف ملزم کی تمام غیرقانونی جائیداد ضبط ہوتی ہے بلکہ ملزم کواتنا ہی جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔