سینیٹ اجلاس میں لیگی سینیٹر مشاہد اللہ خان اورایم کیو ایم کے سینیٹرعتیق شیخ میں گالم گلوچ ہو گئی ، دونوں اجلاس کے دوران ایک دوسرے کو دھمکیاں دیتے رہے ۔
سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہاکہ میاں عتیق کو الٹا ٹانک دوں گا، باہر نکلو، تم سمجھتے ہو ابھی بھی بانی ایم کیو ایم کا راج ہے، میں تجھے باہر ملتا ہوں ،بتاتا ہوں میں کون ہوں،مشاہد اللہ خان نے کہاکہ میں بڑے بڑے غنڈوں کو نمٹ کر یہاں پہنچاہوں ۔
نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس جاری ہے، اجلاس میں سینیٹر مشاہد اللہ خان اور سینیٹر عتیق شیخ کے درمیان گالم گلوچ ہو گئی ،لیگی سینیٹر مشاہداللہ نے کہاکہ تم 260 لوگوں کے قاتل ہو،میں نے عتیق شیخ کوصر ف نمونہ کہا تھا، انہوں نے سینیٹرعتیق شیخ کوایوان سے باہر نکالنے کامطالبہ کردیا۔
سینیٹرعتیق شیخ نے کہاکہ میں نے 260 لوگوں کو قتل نہیں کیا،مجھے کیوں باہر نکالیں گے ، مشاہد اللہ خان نے کہاکہ عتیق شیخ ایک پنگا ہے، اس کا مر جانا ہی چنگا ہے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی دونوں رہنماﺅں کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کرتے رہے، راجہ ظفرالحق نے کہاکہ اس طرح کا ماحول ختم ہونا چاہیے،چیئرمین صاحب آپ ایسا ماحول نہ پیدا ہونے دیں ،ایوان کے رولزکے تحت چلائیں ۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہاکہ مائیک مشاہد اللہ کا کھلا ہو اتھاوہ بولیں تو کیا کروں،سینیٹرمحمد سیف نے کہاکہ آج جو کچھ ہوا اس سے پورے ایوان کی بے عزتی ہوئی۔