وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کیخلاف شواہد موجود ہیں، چند ہفتوں کے اندر وہ نااہل اور جیل میں ہونگے۔
شیخ رشید احمد نے یہ دعویٰ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) میں شہباز شریف کیخلاف کیس سب سے زیادہ مضبوط ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز قانون سازی کے موقع پر ایوان میں اپوزیشن کے 34 اراکین کم آئے۔ اپوزیشن کو اس بات کا پتا تھا، کیا انہوں نے نوٹس لیا۔ اپوزیشن میٹھا میٹھا ہپ ہپ اور کڑوا کڑوا تھو تھو کرتی ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ اس قانون کے بعد شہباز شریف کی ضمانت بھی سوالیہ نشان ہے۔ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں یہ صرف تماشا لگائیں گے۔ جس اسمبلی میں مولانا فضل الرحمن کا بیٹا بیٹھا ہو، یہ کس منہ سے اسے غیر آئینی کہتے ہیں۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں بولنے کا موقع اسے ہی ملتا ہے جس نے ترمیم پیش کی ہو۔ شاہد خاقان عباسی نے ترمیم پیش کی انھیں بولنے کا موقع دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون سازی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی ڈیمانڈ ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اسمبلی میں تاریخی تقریر کی۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی طاقتیں پاکستان میں بدامنی پھیلانا چاہتی ہیں۔ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ پاکستان میں فسادات کرانے کی بھارتی سازش پکڑی گئی ہے۔