نواز شریف سے ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں 20 ستمبر کی اے پی سی میں ورچوئل شرکت کی دعوت دی،پی پی سربراہ کا ٹویٹ، مریم کا اظہار تشکر
نواز شریف سے ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں 20 ستمبر کی اے پی سی میں ورچوئل شرکت کی دعوت دی،پی پی سربراہ کا ٹویٹ، مریم کا اظہار تشکر

بلاول کی دعوت پر نواز شریف اے پی سی میں شرکت پر رضا مند

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے رابطہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچھ دیر قبل میاں محمد نواز شریف سے بات ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوران گفتگو نواز شریف سے ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں 20 ستمبر کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں ورچوئل شرکت کی دعوت دی ہے۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کی دعوت پر میاں نواز شریف نے اے پی سی میں ورچوئل شرکت پر رضا مندی ظاہر کردی۔
نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے بلاول بھٹو کے پیغام کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بلاول بھٹو زرداری آپ کا شکریہ، آپ کے لیے نیک خواہشات اور دعائیں۔
اس سے قبل اطلاعات آئی تھیں کہ 20 ستمبر کی اے پی سی کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کو دعوت نامے بھجوائے جاچکے ہیں جبکہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے اپنے وفود کے نام بھی فائنل کرلیے ہیں اور اس کانفرنس کا حتمی ایجنڈا بھی طے پاچکا ہے۔