مسلم لیگ ن کے صدراورقائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہاہے کہ ملک میں احتساب کے نام پراندھا انتقام ہورہا ہے، حکومت ہرلحاظ سے بری طرح ناکام ہو چکی ہے ،یہ پاکستان کی سب سے ناکام ترین حکومت ہے، اب بھی خاموشی اختیارکی یہ خاموشی جرم بن جائے گی ۔
صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے اپوزیشن کی آل پارٹیزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آصف زرداری اور نوازشریف نے ہمہ گیرتقاریرکی ہیں ،اس کے بعد مجھ ناچیزکیلیے کچھ کہنے کیلیے باقی نہیں رہا،نوازشریف نے سیاسی تاریخ کا بھرپور احاطہ کیا ۔
انہوں نے کہاکہ انتخابات میں سیاسی انجینئرنگ ہوئی،2018 کے الیکشن کے بعد ایک سلیکٹڈ حکومت وجود میں آئی اور سلیکٹڈ وزیراعظم نے انتخابی دھاندلی کے حوالے سے ایک کمیٹی بنائی ،الیکشن دھاندلی سے متعلق کمیٹی بنائی گئی لیکن ایک انچ بھی آگے نہیں جا سکی، اس سے بڑا وزیراعظم کا جھوٹ اور یو ٹرن کیا ہو سکتا ہے، سلیکٹڈ نے قوم سے وعدہ کیا تھا آر ٹی ایس بند ہونے کے معاملے کی تحقیقات ہوگی ۔
شہبازشریف نے کہاکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ جمہوریت صرف نام کی ہے،آمریت کے باعث ہرشعبہ تنزلی کا شکاررہا،عمران خان نے کہا تھا کہ وہ مرجائیں گے مگرآئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے،قائد حزب اختلاف نے کہاکہ آج مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی ہیں، آج جی ڈی پی منفی اعشاریہ 4 پر ہے ، آج گندم کی قیمت 73 سال کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے،آج گندم کی مارکیٹ میں قیمت2700 روپے فی من ہو چکی ہے ۔