عسکری قیادت سے ملاقات میں کون کون سے سیاسی رہنما موجود تھے اور ان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کیا کہا؟ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بتادیا۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عسکری قیادت سے ملاقات میں شہباز شریف، بلاول بھٹو، سراج الحق، اے این پی اور جے یو آئی کے رہنما بھی شریک تھے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملاقات کے دوران کسی نے بھی تحفظات کا اظہار نہیں کیا، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے نیب کیسز کی بات کرنے پر آرمی چیف نے واضح کردیا کہ چیئرمین نیب آپ لگاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف نے کھل کر کہا کہ فوج کو مداخلت کا کوئی شوق نہیں ہے، کل آپ کی منتخب حکومت ہوئی تو اُس کے بھی ساتھ ہوں گے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ آرمی چیف نے سیاسی رہنماؤں سے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کے باہر فوجی اس لیے کھڑے ہوتے ہیں کہ آپ بُلاتے ہیں، آپ لڑتے جھگڑتے ہیں۔
وزیر ریلوے نے بتایا کہ آرمی چیف نے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کے لیے بہت اہم ہے، تمام سیاسی رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنایا جائے گا۔
شیخ رشید نے بتایا کہ آرمی چیف نے کہا الیکشن صاف شفاف ہوں گے، فوج کو پولنگ اسٹیشن کے اندر یا باہر کھڑے ہونےکا شوق نہیں ہے، آپ اپنے انتظامات ٹھیک کریں، آپ فوج کو بلاتے ہیں، لڑتے جھگڑتے ہیں۔
وزیر ریلوے نے بتایا کہ عسکری قیادت سے ملاقات میں سوائے نیب کیسز کے کسی نے کوئی تحفظات کا اظہار نہیں کیا، آرمی چیف نے کہا کہ نیب کا بندہ اور الیکشن کمشنر آپ مقرر کرتے ہیں، آپ کا فرض ہے دیکھیں ٹھیک بندہ لگایا ہے یا غلط لگایا ہے۔