لاہور: وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ نوازشریف اداکاری کرتے تو زیادہ پیسہ کماسکتے تھے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے مطابق احتجاج جلسہ جلوس اپوزیشن کا حق ہے وہ انہیں ملے گا، عدالتوں کوسوچنا چاہیے کہ جو ملزم مفرور ہیں کیا ان کو پاکستان مخالف تقاریرکرنا چاہیے، ن لیگ کے 8 لوگوں نے مجھے کہا ہے کہ نوازشریف کے بیانات پر شرمندہ ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ فوج امن کی ضامن ہے، ہماری فوج ہمیں کوئی کام کرنے سے نہیں روکتی، اگر ہماری کوئی کوتاہی ہے تواس کا ملبہ فوج پر نہیں ڈالیں گے، نواز شریف کا ہمیشہ آرمی سے ہی جھگڑا رہتا ہے کیونکہ فوج ہی وہ واحد ادارہ ہے جو نوازشریف سے سوال پوچھتا ہے، میں نوازشریف کو ملک دشمن نہیں کہہ رہا بلکہ وہ لالچی بزنس مین ہیں جو پیسے کے لیے را کے ایجنٹ بن جاتے ہیں، نوازشریف کی تقریر کو ملک دشمن قوتیں اور بھارت آنے والے دنوں میں کس طرح استعمال کرسکتا ہے انہیں اندازہ ہی نہیں ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا پیسہ پکڑا گیا ہے آپ نے جواب دینا ہے، آپ چاہے الطاف حسین بنیں، ہمیں کوئی پرواہ نہیں ہے آپ بس پیسوں کا حساب دیں، لندن میں جس سفارت خانے میں آپ گئے اور ملاقات کیں، ہمیں سب معلوم ہے، انڈیا کے ایجنڈے پرنہ چلیں اور فوج کیخلاف زہر نہ اگلیں، نوازشریف نے جدہ سے واپس آکر جھوٹ بولا تھا مجھے بھی ان کی باتوں پر یقین آگیا تھا، نوازشریف اداکاری کرتے تو زیادہ پیسہ کماسکتے تھے، وہ جب پھنستے ہیں جمہوریت کے چیمپئن بننا شروع کردیتے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ عاصم سلیم باجوہ نوازشریف کو اس لیے کھٹکتےہیں کہ انھوں نے کلبھوشن کو پکڑاتھا، جنرل (ر) عاصم باجوہ پر جوالزامات لگے اس کا انہوں نے تحریری جواب دیا ہے، حکومت عاصم باجوہ کے جواب سے مطمئن ہے، اگر کسی کو اعتراض ہے تو عدالت چلا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ن لیگ کے ایم پی اے ہمارے پاس آکر اپنے حلقے کے کام کے لیے رابطہ کرتے ہیں اور یہ ان کا حق ہے۔