کاری کرنے کے خوف میں شوہر کے گھر جیکب آباد سے فرار ہوکر کراچی آنے والی خاتون کو عدالتی حکم پر وومن ویسٹ زون پولیس نے اس کے بھائی کے حوالے کردیا ہے۔
25 سالہ آمنہ ڈھومکی کو سعید آباد پولیس نے کرن نامی خاتون کے ایک دوسرے پر بے راہ روی کے الزامات پر اہل محلہ کی شکایت پر گرفتار کیا تھا۔
مقدمے کی تفتیش وومن ویسٹ زون پولیس اسٹیشن کی ایس ایچ او عظمیٰ خان کے حوالے کی گئی تھی۔ پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران معاملہ مختلف نکلا۔
آمنہ نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ جیکب آباد کی رہائشی ہے۔ اس کے شوہر نے اس پر بد چلنی کا مبینہ الزام عائد کیا تھا اور اسے قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔ جس پر وہ یکم محرم کو قتل کئے جانے کے خوف سے جان بچا کر گھر سے بھاگی اور کراچی آگئی۔
خاتون کے مطابق وہ کلفٹن میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر رہنے لگی۔ خاتون کے بیان کے مطابق مزار پر اس کی کرن نامی ایک خاتون سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات دوستی میں بدل گئی اور کرن اسے بلدیہ ٹاون کے علاقے سعید آباد میں اپنے گھر لے گئی۔
پولیس تفتیش کے مطابق کرن نے اسے مبینہ طور پر غیراخلاقی اور مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث کردیا۔ ایک روز آمنہ کے گھر واپس جانے کے ارادے کے اظہار اور کرایہ مانگنے پر دونوں میں جھگڑا ہوگیا۔ کسی نے پولیس کو اطلاع کردی۔ جس پر سعید آباد پولیس عوامی شکایت پر دونوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
مقدمہ درج کرکے تفتیش وومن ویسٹ زون کی ایس ایچ او عظمیٰ خان سپرد کردی گئی۔ عدالتی حکم پر جیل بھیجی گئی آمنہ نور محمد کو وومن پولیس نے شیلٹر ہوم منتقل کردیا جسے گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے خاتون سے اس کی مرضی پوچھی تو اس نے اپنے والدین کے پاس جانے کی رضامندی ظاہر کی جس پر عدالت نے وومن ویسٹ زون پولیس کو حکم دیا کہ اس کے والدین کا سراغ لگا کر خاتون کو ان کے حوالے کیا جائے۔
وومن ویسٹ زون پولیس کی ایس ایچ او عظمیٰ خان کے مطابق انہوں نے جیکب آباد پولیس سے رابطہ کیا اور خاتون کے والدین کا سراغ لگایا۔
ایس ایس پی جیکب آباد طارق نواز نے خاتون سے خاندانی بدسلوکی کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایا کہ جیکب آباد ایئر بیس کے ساتھ ریس کورس گراؤنڈ کے قریب کی رہائشی آمنہ کا شوہر نورمحمد اس تنازعہ کے بعد کرائےکا گھر چھوڑ کر کہیں اور منتقل ہوچکا ہے۔ تاہم پولیس نے اپنے اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے خاتون کے بھائیوں کو تلاش کیا۔
آمنہ کو لینے کیلئے ان کے بھائی ظہور احمد کراچی پہنچے اور وومن ویسٹ زون پولیس اسٹیشن لیاقت آباد میں ایس ایچ او عظمیٰ خان نے خاتون کو اس کے بھائی کے حوالے کردیا۔