مسلم لیگ ن کے مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اب اس حکومت کے مہنگائی کے اعلانات آخری ہوں گے۔
ن لیگ کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت انتقامی سیاست میں مصروف ہے اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی گرفتاری کا مقصد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے فیصلوں کو ناکام بنانا تھا۔
مریم اورنگ زیب نے کہاکہ حکومت پرگھبراہٹ طاری ہے،عمران خان خوف کی وجہ سے اداروں کو اپوزیشن کیخلاف استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم عمران خان کے حکم پر ہی گرفتارکیا گیا ہے جبکہ ان کا ٹرائل شروع ہو گیا تھا لیکن گرفتارکرلیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت نے عوام کو مشکلات میں دھکیل دیا ہے اورآج بھی بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا۔ ملک میں معیشت کی تباہی اور مہنگائی کی ذمے دار حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر ٹی ایس کو 2018 میں بند کرکے انہیں جان بوجھ کر ہرایا گیا ہے جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور نواز شریف کے دور میں ہی بھارتی وزیر اعظم خود چل کر پاکستان آئے تھے۔
ن لیگی ترجمان نے کہا کہ نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کیا لیکن ان کے خلاف غداری کے مقدمے بنائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب اس حکومت کے مہنگائی کے اعلانات آخری ہوں گے اور ہمیں حکومت کے خلاف تحریک میں کامیابیاں حاصل ہوں گی۔