اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کے جواب میں حکمران جماعت نے بھی جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرلیا۔ پی ڈی ایم کے جلسوں سے پہلے پی ٹی آئی کل راولپنڈی میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں عوامی طاقت دکھانے کا فیصلہ کیا ہے مگر اس سے پہلے ہی حکمران جماعت نے میدان سنبھال لیا۔ تحریک انصاف کل راولپنڈی کے تاریخی لیاقت باغ میں جلسہ عام منعقد کرے گی جس کی تیاریاں مکمل ہیں۔ مری روڈ سمیت جڑواں شہروں میں جگہ جگہ بینرز اور بڑے بڑے پینافلیکس لگ گئے ہیں۔
پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے حکومت مخالف احتجاجی تحریک کے سلسلے میں ملک بھر میں جلسوں کا اعلان کر رکھا ہے۔ پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ، دوسرا یومِ شہدائے کارساز کے موقع پر 18 اکتوبر کو باغِ جناح، کراچی میں ہوگا۔
صدر پی ٹی آئی شمالی پنجاب ریجن صداقت عباسی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی قیادت کو چلینج کرتے ہیں، کل کا کنونشن اُن کے لئے پیغام ہے۔ کل لیاقت باغ پی ڈی ایم کی قیادت کو بتائے گا کہ پاکستان بدل چکا ہے۔ حزب اختلاف اپنا آخری تیر بھی چلالے۔ کل ہم اپنی پہلی قسط دکھائیں گے۔
چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی سمیت دیگر قائدین کارکنان سے خطاب کریں گے۔ کنونشن میں شمالی پنجاب کے نو منتخب ذمہ داران عہدوں کا حلف اٹھائیں گے۔