سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی بدستور جاری ہے، بھارتی فورسز نے سرینگر میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید جبکہ متعدد کو زخمی کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوانوں کی ہلاکت پر کشمیری عوام سڑکوں پر نکل آئے، بھارتی فوج کی طرف سے پیلٹ گنز کی فائرنگ اور شیلنگ سے متعدد مظاہرین زخمی بھی ہوئے۔
مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بھارتی فوج کی پیلٹس، پتھراو اور آنسو گیس کی شیلنگ جس کی زد میں آکر جموں و کشمیر سوشل یوتھ فورم چیف کوآرڈینیٹر توصیف اور سرینگر ڈسٹرکٹ محمد فیصل سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض فوج نے رام باغ کے علاقے میں متعدد گھروں کو دھماکہ خیز مواد سے بھی تباہ کردیا۔
دوسری جانب بھارتی فوجی نے ضلع کپواڑہ میں اپنی سروس رائفل سے خودکشی کرلی۔ خیال رہے کہ 2007 سے اب تک 477 بھارتی فوجیوں نے خودکشی کی ہے۔