فی کلو آٹے کی ایکس مل قیمت میں 9 روپے 13پیسے کمی کی کی بھی منظوری دی گئی
فی کلو آٹے کی ایکس مل قیمت میں 9 روپے 13پیسے کمی کی کی بھی منظوری دی گئی

سندھ کابینہ نے گندم جاری کرنے کی منظوری دے دی

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں فی کلو آٹے کی ایکس مل قیمت میں 9 روپے 13 پیسے کمی کی منظوری دے دی گئی۔
سندھ کابینہ نے محکمہ خوراک کو گندم جاری کرنے کی اجازت دے دی۔ باردانہ اور گندم کی فی بیگ قیمت 3 ہزار687 روپے 50 پیسے مقرر کردی ہے۔ آٹے کی ایکس مل قیمت 47 روپے87 پیسے فی کلومقرر کردی گئی ہے۔اس وقت ایکس مل قیمت 57 روپے فی کلو ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے آٹے کی قیمت کنٹرول کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ضلعی انتظامیہ کو آٹے کی مقررہ قیمت پرعملدرآمد کرنے کی ہدایت کردی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل گندم کی قلت کے باعث کراچی میں آٹا ایک ہفتے میں 10 روپے کلو تک مہنگا ہو گیا تھا۔ کراچی میں آٹے کی قیمت 71 روپے فی کلو ہوگئی تھی۔
آٹے کے کاروبار سے منسلک افراد کا کہنا تھا کہ روزانہ مل سے نیا ریٹ جاری کیا جاتا ہے اور ایک ہفتے میں بوری کی قیمت 5 سو روپے تک بڑھ گئی ہے۔
شہر قائد کے یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹے کی قیمت 40 روپے کلو ہے۔ شہر میں چینی کی فی کلو قیمت 96 روپے جبکہ یوٹیلٹی اسٹور پر قیمت 68 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹا تو کبھی کبھار مل ہی جاتا ہے مگر چینی 68 روپے کلو میں حاصل کرنا خواب بن گیا ہے۔
شہر قائد کے مضافاتی علاقوں میں یوٹیلٹی اسٹورز پر تو سرکاری عملہ صارفین سے من مانے دام وصول کرتا ہے، بعض اسٹورز پر آنے والا مال باہر ہی سے غائب کردیا جاتا ہے۔