اٹک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممبر قومی اسمبلی میجرر یٹائرڈ طاہر صادق نے اپنی ہی حکومت پر کڑی تنقید کر ڈالی۔
اٹک میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ٹیم نااہل لوگوں پرمشتمل ہے۔ مہنگائی اپنے عروج پر ہے۔غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ قیام پاکستان سے لے کر آج تک اتنی کرپشن نہیں ہوئی جتنی موجودہ دور میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی کارکردگی صرف فوٹوسیشن اور وٹس ایپ گروپ تک محدود ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کو کم کرنے کے لئے غریب ریڑھی بانوں کو صرف دبایا جاتا ہے۔ٹائیگرفورس کی اداروں میں کوئی شنوائی نہیں۔مہنگائی کے خاتمہ کے لئے پہلے پورا نظام درست کیاجائے۔
طاہر صادق نے کہا کہ آئی پی پی کے ساتھ جو معاہدہ ہوا اس کا فائدہ عوام کو بھی پہنچنا چاہئیے۔عوام کے پاس روٹی کھانے اور پانی جیسی اہم ضرورت کے پیسے بھی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامی اداروں میں انت مچی ہوئی ہے ۔عمران خان کو نظام درست کرنے کے لئے اپنے اردگرد دیکھنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے ووٹ تبدیلی کے لئے دیا ہے ملک میں بہتری لائیں، مارشل لاء دور جمہوری ادوار سے کئی گنا بہتر تھا، موجودہ حکومت نے بلدیاتی نظام کو لولا لنگڑا بنا دیا ہے۔
دس ارب کی بجائے صرف تین کروڑ 25 لاکھ درخت لگائے گئے ہیں، دس ارب درخت کے لئے ان کے پاس نرسیاں ہی نہیں ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی ابتر ہے، ضلع بھر میں چوری ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں اضافہ تشویشناک ہے۔