ذاتی مفاد پر مبنی تحریکیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں، عمران خان، اجلاس سے خطاب
ذاتی مفاد پر مبنی تحریکیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں، عمران خان، اجلاس سے خطاب

سابق سربراہان مملکت کو حاصل مراعات کا جائزہ لینے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور مشیر برائے پارلیمانی امور بابراعوان کو سابق صدور اور وزیراعظم کو حاصل مراعات کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں ںے اس ضمن میں قانون سازی کے لیے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کو ذمہ داری بھی تفویض کی ہے۔
وزیراعظم نے یہ ہدایت اپنی زیر صدارت منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی۔ انہوں نے اجلاس میں واضح کیا کہ قوم کی آمدن کو مدنظر رکھتے ہوئے سربراہان کے اخراجات کا تعین ہونا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں واضح طور پر کہا کہ قانون سازی کرکے صدر اور وزیراعظم کے اخراجات متعین کیے جائیں۔ انہوں ںے کہا کہ صدر اور وزیراعظم کے اخراجات واجبی سے ہونے چاہئیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک سابق سربراہ نے گھر کی چار دیواری پر 80 کروڑ روپے لگائے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مہنگائی سے متعلق صورتحال خود مانیٹر کر رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور وفاقی وزیر فیصل واوڈا سمیت دیگر نے اجلاس کے دوران مہنگائی کا مسئلہ اٹھایا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے سابق حکومتی شخصیات سے مراعات واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ سابق صدور، سابق وزرائے اعظم، سابق گورنرز اور سابق وزرائے اعلیٰ کو حاصل مراعات واپس لی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ غیر ضروری مراعات کے حقدار نہیں ہیں۔