جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف کراچی علماء کونسل نے جمعے کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔
گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عادل خان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں وہ ڈرائیور سمیت شہید ہوگئے تھے۔
ان کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کراچی علماء کمیٹی نے حکومت کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا جس کے پورا ہونے کے بعد ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا گیا۔
کراچی علماء کمیٹی کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی جس میں جمعہ 16 اکتوبر کو ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔
علماء کمیٹی کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مولانا عادل کے قتل کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی کمیٹی نے کوئی رابطہ نہیں کیا، قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کوئی اقدامات بھی نظر نہیں آرہے۔
علماء کمیٹی کا کہنامزید کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز، وکلاء اور تاجروں نے ہڑتال کی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
خیال رہے کہ جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور قتل کی تحقیقات کیلئے کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی ٹیم بنادی گئی ہے۔