تیاریاں آخری مراحل میں داخل،7 ہزار اہلکار سیکیورٹی اہلکار تعینات
تیاریاں آخری مراحل میں داخل،7 ہزار اہلکار سیکیورٹی اہلکار تعینات

گوجرانوالہ جلسے میں شرکت کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے قافلے رواں دواں

گوجرانوالہ میں متحدہ اپوزیشن پی ڈی ایم کا آج گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں پہلا جلسہ ہوگا جس کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔
جلسے سے متعلق منتظمین اور انتظامیہ میں معاہدہ طے پا گیا ہے، ماسک کے بغیر کوئی بھی شخص جلسہ گاہ میں داخل نہیں ہوگا اور شرکا کے درمیان 3 سے 6 فٹ کا فاصلہ ضروری ہے جب کہ 7 ہزار اہلکار سیکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔ جلسہ گاہ میں قائدین کے لیے 80 فٹ لمبا اور 24 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا ہے اور لائٹس کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
رہنما (ن) لیگ مریم نواز کا قافلہ مریدکے پہنچ گیا جب کہ مختلف شہروں سے آنے والے لیگی کارکن بھی ان کے ہمراہ ہیں، راستے میں ممکنہ رکاوٹیں ہٹانے کے لیے 2 کرینیں بھی مریم نواز کے قافلے کا حصہ ہیں۔
جلسہ گاہ روانگی سے قبل مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ اللہ کا نام لے کر عوام کے لیے جدوجہد کرنے میدان میں نکلے ہیں، آج جمعہ کے مبارک دن پر 22 کروڑ عوام کے حقوق کے لئے نکلے ہیں، سب کو دعوت دیتی ہوں کہ وہ باہر نکلیں اور اس ریلی میں شریک ہوں تاہم سرکاری و انتظامی ادارے اس قافلے کے راستے میں نہ آئیں۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی جلسے میں شرکت کے لیے لاہور سے گوجرانوالہ پہنچیں گے، مولانا فضل الرحمن کا قافلہ شاہدرہ پہنچ گیا ہے۔ روانگی سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران فضل الرحمان نے عوام کی نمائندہ حکومت کی تشکیل کے لیے نئے الیکشن کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ آج حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز ہوگا، پاکستان میں اس وقت جعلی حکومت مسلط ہے جب کہ حکومتی نااہلی کی وجہ سےعوام پریشان ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا قافلہ گوجرانوالہ پہنچ گیا۔ بلاول کا قافلہ جلسہ گاہ کی طرف رواں دواں ہے۔ بلاول بھـٹو کا استقبال کرنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد موجود ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تحریک کا باقاعدہ آغاز چکا ہے، پیپلز پارٹی کے قافلے کی قیادت میں خود کررہا ہوں، عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت کو گوجرانولہ کی سرزمین سے عوام کی آواز پہنچائیں گے، عمران خان کی بوکھلاہٹ سب کے سامنے ہے، اس نالائق نے پوری قوم کا جینا حرام کردیا ہے تاہم اب نااہل کے جانے کا وقت آچکا ہے۔اب سلیکٹد کو جانا ہوگا۔