وزیراعظم کو مہنگائی کی خبر ٹی وی پر ملتی ہے، انہیں نہیں پتہ کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم پر غداری کے مقدمے ہوئے ہیں، پی ڈی ایم جلسے سے خطاب
وزیراعظم کو مہنگائی کی خبر ٹی وی پر ملتی ہے، انہیں نہیں پتہ کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم پر غداری کے مقدمے ہوئے ہیں، پی ڈی ایم جلسے سے خطاب

عمران خان کا غرور عوام مٹی میں ملادیں گے،بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جس صبح کے لے جمہوری طاقتوں نے قربانیاں دیں وہ صبح جلد آنے والی ہے۔
پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی تمام جمہوری قوتوں نے یہ سفر جاری رکھنا ہے۔ شہید بی بی اور پیپلزپارٹی نے ملک اور قوم کے لیے خون دیا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں ان شہدا کا نام لکھا جائے گا۔ شہید بی بی نے کہا تھاکہ میں پاکستان کے عوام میں رہوں گی میں دھماکوں سے ڈرنے والی نہیں۔ ہمیں آج جمہوریت کے فلسفے کو سمجھنا ہوگا
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ایک ایک کرکے وہ تمام ادارے کھوکھلے کیے جارہے ہیں جو عوام کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں۔ ہم پر شہدا کا قرض ہے اور آج ہمیں وہ قرض ادا کرنا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سلیکٹد وزیراعظم کو مہنگائی کی خبر ٹی وی پر ملتی ہے۔ انہیں نہیں پتہ کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم پر غداری کے مقدمے ہوئے ہیں۔ انہیں عوام کی بھوک نظر نہیں آتی جنہوں نے تاریخ کی بدترین غربت دیکھی ہے۔ آج پیٹرول میں کرپشن ہے، آج آٹے میں کرپشن ہے آج چینی میں کرپشن ہے۔ آج کے پی میں ظلم کیا جارہا ہے۔ آج بلوچستان میں ظلم کیا جارہا ہے۔ پنجاب کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے، سندھ کے حقوق پر ڈاکے ڈالے جارہے ہیں۔
بلاول نے کہا کہ سندھ کے دارالحکومت کو الگ کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔جہاں سےگیس نکلتی ہے اس صوبے کو گیس نہیں دی جارہی ہے۔ کے الیکٹرک عوام کا خون چوس رہی ہے، عمران خان اپنے دوست کو بچانے کےلیے کراچی کے عوام کو اندھیروں میں ڈبورہاہے
مخالفین کے لیے نیب اور عمران خان کے دوستوں کے لیے عوام کے پیسے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نےکراچی کو دھوکا دیا ہے، آپ نے سنا ہوگا ایک ہزار ارب روپے کا پیکیج وہ پیکیج دھوکا نکلا۔انہوں نے یہاں بھی یوٹرن لیا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ اس میں آپ کے لیے اس ایک ہزار روپے میں سے کراچی کے عوام کے لیے ایک روپیہ بھی نہیں ہے۔ یہ ایک ہزار روپے وفاقی منصوبوں کے ہیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ سندھ میں ایک طوفان اٹھ رہا ہے کہ جزائر پر قبضے کا آرڈیننس واپس لیا جائے۔ سیلاب متاثرین کی آپ نے مدد نہیں کی سندھ کے عوام کہہ رہے ہیں کہ سیلاب زدگان کی مدد ایسے کریں جیسے زرداری نے کی تھی۔ سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کا تین سو ارب روپے نیں دیے گئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس نااہل وزیراعظم کوجانا پڑے گا۔ آج ملک کا نوجوان مایوس ہے،اس وزیراعظم کو جانا ہوگا۔
پاکستان کی معیشت تباہ ہوچکی ہے، اور وزیراعظم بےفکر ہے۔ کیوں کہ یہ سلیکٹد وزیراعظم عوام کے ووٹوں سے نہیں ایا۔ اسے عوام کے آنسو نظر نہیں آتے۔ عمران خان کا غرور عوام مٹی میں ملادیں گے۔ اس کٹھ پتلی وزیر اعظم کے ساتھیوں کو جانا ہوگا۔
بلاول نے کہا کہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ ہم ان کی دھمکیوں سے ڈر جائیں گے، ہم ڈرنے والے نہیں۔