عراق کے بینک نے دوسری شادی کرنے والوں کو 10 ملین دینار قرض دینے کا اعلان کردیا۔
غیرملکی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے معروف بینک الرشید نےاعلامیہ جاری کرکے کہا ہے کہ ہر بینک ملازم کو دوسرا نکاح کرنے پر قرض فراہم کیا جائے گا بشرطیکہ اس نے پہلی شادی کے لیے قرض نہ لیا ہو۔
تمام بینک ملازمین کو عقد ثانی کے لیے بلا استثنی قرض دیا جائے گا، اس کی شرط یہ ہے کہ وہ بینک کا باقاعدہ ملازم ہو اوراس کی ملازمت کو دو سال ہوگئے ہوں۔
دوسری شادی کے خواہش مند کو 10 ملین عراقی دینار قرض دیا جائے گا۔ ایک ڈالر1250 عراقی دینار کے برابر ہے۔
دوسری طرف سکائی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق عراق میں معمر کنواریوں کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔
عراقی معاشرے میں معمر کنواریاں ان خواتین کو کہا جاتا ہے جن کی عمر 35 سال سے تجاوزکرچکی ہو اوراس کی ابھی تک شادی نہ ہوئی ہو۔ایک سروے رپورٹ سے معلوم ہوا ہے کہ ملک میں معمر کنوریوں کی شرح 70 فیصد تک ہوگئی ہے۔