کراچی: نجی ٹی وی چینل کے لاپتہ صحافی علی عمران گھر واپس پہنچ گئے۔ علی عمران نے اپنی اہلیہ کو ٹیلی فون کرکے بتایا کہ وہ والدہ کے گھر پر ہیں۔
خیال رہے کہ رپورٹر علی عمران گزشتہ شام سات بجے سے لاپتہ تھے۔
علی عمران کراچی میں سچل تھانےکی حدودمیں واقعہ گھر سے گزشتہ شام قریبی بیکری گئے تھے مگر تاحال واپس نہیں آئے تھے۔
اس ضمن میں علی عمران کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر یہ کہہ کر باہر نکلے تھے کہ وہ آدھے گھنٹے میں لوٹ آئیں گے مگر تاحال واپس نہیں آئے۔
صحافی علی عمران کی اہلیہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ ان کے شوہر کا موبائل فون بھی گھر میں ہے جب کہ گاڑی گھر کے باہر کھڑی ہے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ رات لاپتہ ہونے والے نجی نیوز چینل کے صحافی علی عمران کو جلد بازیاب کرانے کے احکامات جاری کیے تھے۔
صحافی علی عمران کے لاپتہ ہونے کے معاملے پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ صحافی علی عمران سے متعلق اچھی خبر سننے کے لیے انتظار کر رہا ہوں۔ تمام اداروں کو ٹاسک دیتا ہوں کہ صحافی کو جلد بازیاب کرائیں۔
اس سے قبل وفاقی حکومت نے بھی سید علی عمران کی گمشدگی کا نوٹس لیا تھا اور وزارت داخلہ کو ہدایت کی گئی تھی کہ لاپتہ صحافی کی بازیابی کےلیے سندھ حکومت سے رابطے میں رہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی حکومت نے علی عمران کے لاپتا ہونے کا نوٹس لیا تھا۔
پولیس کے مطابق علی عمران کے بھائی طالب رضوی کی مدعیت میں سچل تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں اغواء سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی تھیں۔