اسپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک فرانس کا بائیکاٹ کریں۔
چوہدری پرویز الہٰی نے پارٹی سینیٹر کامل علی آغا اور وکلا کے وفد سے ملاقات کی۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے بیان نے انتہا پسندوں کو مسلمانوں کے مذہبی جذبات سے کھیلنے کا موقع دیا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ توہین آمیز خاکے عالمِ اسلام کی تضحیک ہے، زبانی جمع خرچ کی بجائے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا اجلاس بلاکر عملی اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کے دنیا میں آنے سے جہالت کے اندھیرے ختم ہوئے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مذہبی منافرت پھیلانے والے شیطانیت کو فروغ دینے کے ذمے دار ہیں، انتہا پسندی عالمی امن کو تباہ کر دے گی۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ فرانسیسی صدر مسلمانوں کے جذبات سے نہ کھیلیں، مسلمان کبھی بھی گستاخانہ خاکے برداشت نہیں کر سکتے۔