کراچی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مریم نواز سیاست کو بند گلی کی طرف لے کر جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کراچی میں میڈیا سی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کل کہہ دیا فوج کو نشانہ بنانے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ بلاول بھٹو نے اپنے انٹرویو میں ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا اور بلاول بھٹو کا بیان حقیقت پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سیاست کو بند گلی کی طرف لے کر جا رہی ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا این آر او کے علاوہ ہر چیز پر بات ہوسکتی ہے جبکہ عمران خان پانچ سال پورے کریں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ جوڈو کراٹے کا نتیجہ خلاف توقع ہو گا تاہم سیاستدان مل بیٹھ کر فیصلہ کریں تو نتیجہ اچھا ہوتا ہے۔ 30 دسمبر سے 20 فروری تک پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کے ساتھ نہیں چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں تمام سیاسی جماعتیں انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں تاہم دیکھتے ہیں کہ ہارنے والے ہار کو تسلیم کریں گے یا نہیں۔
جہانگیر ترین سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ جہانگیر ترین کو سراہنا چاہیے کہ وہ واپس آ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے میں 16 گریڈ سے نیچے تک پنشنرز کو 6 ارب روپے دینے جا رہا ہوں۔ نجی ٹرینوں نے زبردست کارکردگی دکھائی ہے اب تمام مال بردار گاڑیاں نجی سیکٹر کو دوں گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں سرکلر ٹریک کو 14 کلومیٹر تک کلیئر کر دیا ہے اور اب جو ریلوے کی قیمتی زمینوں پر بیٹھے ہیں ان سے بھی میٹنگ کی ہے۔ میری خواہش ہے سی پیک کے تحت ریلوے ٹریک کو جلال آباد تک لے جائیں۔