فروخت کے لیے 7 قسم کی ادویہ کا بڑا اسٹاک تیار کرلیا گیا، جعلی انجکشن کیس میں ملوث مافیا کو بچانے کے لیے جوڑ توڑ جاری
فروخت کے لیے 7 قسم کی ادویہ کا بڑا اسٹاک تیار کرلیا گیا، جعلی انجکشن کیس میں ملوث مافیا کو بچانے کے لیے جوڑ توڑ جاری

کچھی گلی میڈیسن مارکیٹ میں جعلی دوائوں کی ری پیکنگ کا انکشاف

کراچی(رپورٹ: سید نبیل اختر)کچھی گلی میں زینت میڈیسن ایکسٹینشن مارکیٹ جعلی اور غیر معیاری ادویات کا بڑا مرکز بن گیا ۔ملکی و غیر ملکی دوا ساز کمپنیوں کے نام سے جعلی دواؤں کی ری پیکنگ کیلئے بلڈنگ کا بیسمنٹ استعمال کیا جاتا ہے ،ان دنوں پینرو سمیت 7اقسام کی جعلی دواؤں کا بڑا اسٹاک فروخت کیلئے دستیاب ہے ۔ڈرگ مارٹ سے برآمد ہونے والے بوش کمپنی کے جعلی انجکشن کے کیس میں کچھی گلی مافیا کو بچانے کیلئے جوڑ توڑ جارہی ہے ۔بھاری رشوت کے عوض صرف ریٹیلرز کو مقدمہ میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرادی گئی ہے ۔۔ اہم ذرائع نے بتایا کہ کچھی گلی میڈیسن مارکیٹ سے بوش کمپنی کے جعلی انجکشن برآمد ہونے کے بعد ڈریپ کے افسران نے اب تک ملزمان کی گرفتاری کی سفارش نہیں کی ہے جبکہ ایف آئی اے حکام مذکورہ کیس کے اندراج کی اجازت دے چکے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈریپ کے ایک وفاقی ڈرگ انسپکٹر نے مرکزی ملزم معز (انیس میڈیکوز) اور اس گروہ کے سرغنہ سہیل عرف مچھڑ ،فیصل چوہدری اور ماجد کو بھاری رشوت کے عوض مقدمہ سے بچانے کی یقین دہانی کرادی ہے ، ڈرگ انسپکٹر نے یہ بھی یقین دلایا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے ہونے والی ایف آئی آر میں صرف ریٹیلرز کو مقدمے میں شامل کیا جائے گا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھی گلی میڈیسن مارکیٹ میں جعلی دوا کا سب سے بڑا کام سہیل مچھڑ کی سرپرستی میں کیا جارہا ہے اور اس گروہ میں معز کے علاوہ فیصل چوہدری،ماجد اور اس کے کارندے شامل ہیں جو جعلی دوا تیار کرکے اس کی ری پیکنگ اور فروخت کا کام کرتے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ کچھی گلی کی میڈیسن مارکیٹ میں زینت ایکسٹینشن کی بلڈںگ کا بیسمنٹ جعلی دواوں کی ری پیکنگ کے لیئے استعمال کیا جارہا ہے جہاں قائم گوداموں میں ان غیر معیاری اور جعلی دواوں کے اسٹاک بھی موجود ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ زینت میڈیسن مارکیٹ میں بوش کمپنی کے انجکشن پینرو سمیت 7 اقسام کی جعلی دوائیں فروخت کیلئے اسٹاک کی گئی ہیں ۔ یہ اسٹاک معز اور اس کے کارندے فروخت کررہے ہیں ۔معلوم ہوا ہے کہ پینرو انجکشن کی قیمت 2500روپے ہے اور یہ دوا بیسمنٹ کے ایک گودام میں ری پیک کی گئی ہے ۔اسی طرح دل کے مرض میں استعمال ہونے والی دوا لو پلیٹ ْ(Lowplat) جس کی قیمت 200 اور ٹیبلٹ ریمی پیس (Remipace) جس کی قیمت 345روپے ہے فارم ایوو (Pharm evo) کی جعلی دوا بھی فروخت کیلئے دستیاب ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ اسٹرائل کمپنی کی بھی دو پروڈکٹ سنیگان (Synigan) اور اکوڈائن(Ocodine) جن کی قیمتیں بالترتیب 700اور370روپے ہیں جعلی بناکر فروخت کی جارہی ہیں ۔بیرٹ ہڈسن کی پروڈکٹ سیپوٹک ٹیبلٹس جس کی قیمت 100روپے ہے اور وہ کان کے مرض میں استعمال کی جاتی ہے فروخت کی جارہی ہے ،جبکہ وٹامن ڈی کی کمی کو پورا کرنے کیلیئے استعمال ہونے والی اسکاٹ مین کی پروڈکٹ سنی ڈی جس کی قیمت 280روپے ہے ،زینت میڈیسن بلڈنگ میں ری پیک کرکے فروخت کی جارہی ہے ۔امت نے ڈرگ مافیا سے ساز باز کے معاملے پر ڈرگ انسپکٹر رسول شیخ سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ ابھی سیمپل جانچ پر گیا ہوا ہے ،ایسے میں ساز باز کی خبریں بے بنیاد ہیں ،گزشتہ روز جب ان سے بات ہوئی تھی تو انہوں نے ہی بوش کمپنی کے انجکشن اسکینڈل میں ملوث معز نامی ڈرگ مافیا کا نام بتایا تھا ۔انہوں نے کہا کہ میڈیسن مارکیٹ میں اس طرح کی افواہیں گردش کرتی رہتی ہیں جن سے حقائق کا کوئی تعلق نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ہمارے انچارج نجم سے تفصیل معلوم کی جاسکتی ہے ،جن ان سے رابطہ کرنا چاہا تو ان کا فون بند تھا ۔