وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور میں جلسے پر بدستور پابندی ہے لیکن روکا نہیں جائے گا جبکہ رہنماؤں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر سلطان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئی تو بڑا مشکل ہوجائے گا اور یہ اپوزیشن گاہے بگاہے اس کا مرتکب ہورہی ہے۔
اس حوالے سے شبلی فراز نے کہا کہ لوگوں کو خطرے میں ڈالنا کہاں کی منطق ہے، جس طرح گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کی گئی اور شہر کو اکھاڑا بنائے رکھا گیا جس سے جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں ہے جبکہ ہمیں اس وبا کے پھیلنے کی زیادہ فکر ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہم جلسوں سے نہیں گھبرائیں گے، لاہور جلسے پر پابندی ہے لیکن ہماری حکمت عملی یہی ہے کہ انہیں نہیں روکیں گے اور جو جانا چاہے چلے جائیں تاہم ان رہنماؤں کے خلاف کارروائی کریں گے۔شبلی فراز نے کہا کہ معیشت بحال ہورہی ہے اور ایسے وقت میں یہ کام کرنا معیشت کی خدمت نہیں ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ مریم نواز نے جلسے میں جھوٹ بولے ہیں اور ہم تاریخی حوالے سے بھیجے گئے جھوٹ کوسامنے لائیں گے۔ کابینہ اجلاس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ راوی اور بنڈل آئی لینڈ پر بات کی گئی۔