این اے 90سرگودھاسے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوادیا۔فائل فوٹو
این اے 90سرگودھاسے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوادیا۔فائل فوٹو

استعفوں کا موسم شروع ہوگیا

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامدحمید نے اسپیکر قومی اسمبلی کے نام لکھا اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کے سپرد کردیاجس کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹرینزاورعوام کی جتنی تذلیل اس دور میں ہوئی، ماضی میں کبھی نہیں ہوئی ، دیگر ممبران بھی آٹھ دسمبر تک اپنے استعفے جمع کرادیں گے اور پارٹی مناسب وقت پراسپیکرکے پاس پیش کردے گی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق این اے 90سرگودھاسے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید نے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوادیا ہے ، یہ استعفیٰ قیادت کی ہدایت پردیا گیا ۔ استعفے کے متن میں کہا گیا کہ نااہل وزیر اعظم کوگھرجانا چاہےے، مسائل بھی حل نہیں ہورہے، استعفیٰ دے رہے ہیں، حکومت قوم پر بوجھ بن چکی ہے ،میڈیا پر پابندیاں لگائیں،اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بات کرنے پر، غریب کو غریب تر کرنے ، سب کچھ مہنگا کرنے ، بے روزگاری پروہ اس اسمبلی میں نہیں رہ سکتے۔رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہاکہ شہبازاور نوازشریف کے ساتھ ہوں اور رہوں گا۔

ان کاکہناتھاکہ لولی لنگڑی جمہوریت میں نہ نیا پاکستان ہے اور نہ پرانے کو چلنے دیا گیا، نوازشریف اور شہبازشریف کی ہدایت پر استعفیٰ پارٹی قیادت کو جمع کرادیا، پی ڈی ایم کی پلیٹ فارم پر فیصلہ ہونا باقی ہے، پارٹی کے سب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اس موقف پر قائم ہیں کہ قیادت کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں، جتنی تذلیل اس دور میں عوام اور پارلیمنٹرینز کی ہوئی، اس سے پہلے 72سال میں کبھی نہیں ہوئی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ تمام ممبرزآٹھ تاریخ تک قیادت کواپنے استعفے جمع کرائیں گے،انشاءاللہ، پارٹی کی طرف سے مناسب وقت پراستعفے اسپیکرکے پاس جمع کرادیے جائیں گے۔