وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پارٹی عہدیداروں اور پارٹی آفیشل اکاؤنٹ سمیت سب کو ان فالو کردیا۔
وزیراعظم عمران خان کا شمار دنیا کے ان رہنماؤں میں ہوتا ہے جو ٹوئٹر پر فعال ہیں اور گاہے بگاہے ٹوئٹر کے ذریعے بیانات دیتے رہتے ہیں۔
وزیراعظم ٹوئٹر پر اپنی پارٹی، خیراتی اسپتال اور پارٹی رہنماؤں کو فالو کرتے رہے ہیں تاہم اب ان کے اکاؤنٹ سے سب کو ان فالو کردیا گیا ہے۔
ان فالو ہونے والوں میں پارٹی کے قریبی رہنما بھی شامل ہیں تاہم اب تک ان کے اکاؤنٹ سے دیگر افراد کو ان فالو کرنے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی ہے کہ آیا یہ غلطی سے ہوا ہے یا دانستہ طور پر کیا گیا ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بیان سامنے آیا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ٹوئٹر پر فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 29 لاکھ ہے۔
عالمی رہنماؤں میں سب سے زیادہ فالوورز کی فہرست میں وزیراعظم عمران خان کا نمبر 10 واں ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دوسرے اور نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن 7 ویں نمبر پر ہیں۔
وزیراعظم کی جانب سے ملکی و غیر ملکی اہم ترین شخصیات اور وفاقی وزراء سمیت متعدد اہم شخصیات کو فالو کیا جا رہا تھا تاہم اب وزیراعظم کی جانب سے ان فالو کیے جانے والوں میں ملکی و غیر ملکی اہم ترین شخصیات کے علاوہ وفاقی وزراء، تمام پارٹی عہدیدار اور قریبی دوست شامل ہیں۔