لاہور: پنجاب حکومت نے زیادہ کورونا کیسز رپورٹ ہونے والے علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاوَن لگانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومتی رٹ کو ہم نے ہرحال میں قائم رکھنا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی نے کہا کہ کورونا سے متعلق وزارت صحت نے اپیکس کمیٹی کو تفصیل سے آگاہ کیا۔ وزارت صحت نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے پر تفصیلی بریفنگ دی۔
فردوس عاشق نے کہا کہ کورونا کیسزمیں تیزی سےاضافہ ہو رہا ہے۔ ہرآنے والے دن میں کورونا سے ہلاکتیں بھی بڑھ رہی ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مارکیٹس، دفاتر، شادی ہال اور ریسٹورنٹس میں ایس اوپیز پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن میں جبکہ مولانا فضل الرحمان اسمبلی سے باہر بیٹھے ہیں۔ لندن میں بیٹھا فرار شخص اور اسمبلی سے باہر بیٹھے مولانا فضل الرحمان دونوں پریشان ہیں۔ اپوزیشن لاہور میں سیاسی آلودگی پھیلانےمیں مصروف عمل ہے
معاون خصوصی نے کہا کہ راج کماری کنیزوں کے جھرمٹ میں حکومت کو دھمکیاں دے رہی ہے۔ مریم بی بی کو سمجھ آگئی ہوگی کہ عوام ملک دشمن بیانیے کے ساتھ نہیں۔ پی ڈی ایم کو وزیراعظم کے استعفے سے اپنے استعفے تک کا سفر مبارک ہو۔
فردوس عاشق نے کہا کہ جہاں کیسز زیادہ رپورٹ ہورہے ہیں،وہاں مائیکرواسمارٹ لاک ڈاوَن لگائیں گے۔ وزیراعظم کبھی بھی سخت لاک ڈاوَ ن نہیں چاہیں گےلیکن لوگوں کی زندگی اہم ہے۔
فردوس عاشق نے کہا کہ استعفے دینے کا شوق ضرور پورا کریں لیکن حکومت کہیں جانے والی نہیں ہے۔ اپوزیشن کا لاہور کا جلسہ ملتان جلسے کی طرح ناکام ہوگا۔مولانا اس لیے بے چین ہیں کہ پہلی بارسرکاری حلوے کے بغیرباہر بیٹھے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں کورونا کی دوسری لہر میں ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کیےجانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے شرکا نے ایس اوپیز پرعملدرآمد کیلئےمربوط انداز میں موثر اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا اور عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے بھر پور مشترکہ کاوشوں کےعزم کا اظہار کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صورتحال اگر یہی رہی تو مزید سخت اقدامات کرنا پڑیں گے۔ انسانی زندگیوں کےتحفظ کیلئےعسکری وسول قیادت مل کرکاوشیں جاری رکھےگی۔
ایپکس کمیٹی کے مطابق اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے تمام سائل بروئے کارلائے جائیں گے۔ ماسک پہننے کی پابندی پر دفاتر اور عوامی مقامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ مارکیٹوں، بازاروں اور عوامی مقامات پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانہ کی تجویز دی گئی۔
اجلاس میں مارکیٹوں اور بازاروں کی بندش کے اوقات پر انتظامی اقدامات کے ذریعے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ معاشی سرگرمیوں کو بند کیے بغیر کورونا ایس اوپیز کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں اسمارٹ لاک ڈاوَن اور مائیکرولاک ڈاوَن والےعلاقوں میں آمدورفت کو مزید محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کورونا ایس اوپیز پرعملدرآمد کیلئے حکومتی اقدامات پر من وعن عملدرآمد کرایا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ کورونا کی اس لہر کو احتیاطی تدابیر اور ایس اوپیز پرعمل کر کے پسپا کرنا چاہتے ہیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ مزدور طبقے کے معاشی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری پابندیاں لگائی گئی ہیں۔ اسپتالوں میں کورونا مریضوں کےعلاج کیلئے ممکنہ سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اجلاس کو بتایا کہ کورونا کا پھیلاوَ روکنے کیلئےعوام کا تعاون بےحد ضروری ہے۔ ٹیچنگ اسپتالوں میں ایچ ڈی یوز کو دوبارہ فعال کردیا ہے۔ ایکسپو سینٹرمیں فیلڈ اسپتال کو بھی ازسر نو فعال کیا ہے۔ محکمہ صحت کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے ہیں۔ ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں گے۔
اجلاس میں کورکمانڈرلاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، وزیر قانون راجہ بشارت،وزیر صحت یاسمین راشد اور دیگر نے بھی شرکت کی۔