امید یہی ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی ساری جماعتیں حالات کی نزاکت سمجھیں گی، لیگی نائب صدر کی میڈیا سے گفتگو
امید یہی ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی ساری جماعتیں حالات کی نزاکت سمجھیں گی، لیگی نائب صدر کی میڈیا سے گفتگو

لاہوریوں کو جلسے کے لیے اجازت کی ضرورت نہیں، مریم نواز

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا کہ میں جعلی حکومت کو کہتی ہوں کیمرا لگا کر دیکھو کیا یہاں کرسی ہے۔
لاہور جلسے کے لیے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں نکالی گئی ریلی کے شاہدرہ پہنچنے پر مریم نواز نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت کو کہتی ہوں کیمرا لگا کر دیکھو کیا یہاں کرسی ہے، تابعدار خان کل کہہ رہا تھا کہ میں جلسے کی اجازت دے دوں گا۔ لاہوریوں کو جلسے کے لیے اجازت کی ضرورت نہیں، لاہور نواز شریف کا تھا، لاہور نواز شریف کا ہے اور لاہور نواز شریف کا رہے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ جعلی وزیراعظم کا نیا نام رکھا ہے تابعدارخان، اس نے کہا ہے کہ لاہور کا جلسہ نہیں روکوں گا، کیونکہ اسے پتا ہے لاہور کا جلسہ رکے گا نہیں، وہ کہتا ہے کرسی نہیں دوں گا، کیا اس دروغہ والا جلسہ میں کوئی کرسی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اگر مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت نہیں ملی تو کیا جلسہ نہیں ہوگا؟ ملتان کے لوگ سڑک پر جلسہ کرسکتے ہیں تو لاہور تو لاہور ہے نا، 13 دسمبر کو لاہور فیصلے کردے گا کہ آر یا پار، لاہور جلسہ بتادے گا جعلی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جعلی عمران خان کے جانے کے چند دن رہ گئے ہیں، اسے گھر بھیجنے کی آخری ذمے داری لاہور پر آگئی ہے، لاہور کے جلسے میں آؤ اور بے روزگاری مہنگائی سے ملک کو نجات دلاؤ۔
اس سے قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی و پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی گاڑی پر لاہور میں کارکنوں نے پھولوں کے ساتھ ساتھ کرنسی نوٹ بھی نچھاور کیے ہیں۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے کے سلسلے میں مریم نواز عوامی رابطہ مہم کے تحت لاہور میں ریلی کی قیادت کررہی تھیں اور جگہ جگہ پر ان کا فقید المثال استقبال کیا جارہا تھا۔
کارکنوں کی جانب سے مریم نواز کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ چند کارکنوں نے ان کی گاڑی پر نوٹ بھی لٹائے۔
مریم نے گاڑی کے اندر سے تصویر لے کر ٹوئٹ کی جس میں پھولوں کے ساتھ ساتھ نوٹ بھی نظر آرہے ہیں۔
لیگی نائب صدر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ لاہوری صرف پھول نہیں پیسے بھی نچھاور کرتے ہیں۔