لاہور میں پی ڈی ایم کے13دسمبر کے جلسے کو ناکام بنانے کیلیے حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پراتر آئی،پولیس نے لاہور میں پی ڈی ایم کے جلسے کےلیے سائونڈ سسٹم فراہم کرنے والے منتظم ڈی جے بٹ کو گرفتارکرلیا۔
امت کے رپورٹرکے مطابق ڈی جے بٹ کوان کے دفتر سے گرفتارکیا گیا۔ ان کو کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی کے الزام پرگرفتارکیا گیا ہے۔
لاہورکے تھانہ ماڈل ٹاؤن کی پولیس نے انہیں گرفتارکیا۔ اس سے قبل ن لیگ رہنماؤں پر بھی کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔
ن لیگی رہنماؤں پر مقدمات مقامی پٹواریوں کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے حکومتی اقدامات پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔
کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو گریٹر اقبال پارک اور مینار پاکستان میں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی ہے۔
دوسری جانب لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں پانی چھوڑنے کے معاملہ پر پی ایچ اے انتظامیہ نے ن لیگ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ معمول کے مطابق پارک میں لگی گھاس کو پانی دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم قیادت کا کہنا ہے کہ حکومت کی تمام تر کارروائیوں کے باوجود لاہور میں مینار پاکستان کے مقام پر جلسہ ہوگا۔