اسلام آباد: ترجمان پیٹرولیم ڈویژن نے کہا ہے کہ ملک میں کہیں بھی گیس لوڈشیڈنگ نہیں ہے۔
ایک بیان میں ترجمان پیٹرولیم ڈویژن نے کہا ہے کہ کچھ علاقوں میں کم گیس پریشرکی شکایات موصول ہوئی تھیں جو فوری طورپرحل کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق کراچی میں دونوں ایل این جی ٹرمینلز پوری طرح پر چل رہے ہیں۔ سوئی نادرن گیس کمپنی 907 ملین مکعب اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ (ایم ایم سی ایف ڈی) گیس موصول کررہی ہے، جبکہ سوئی سدرن گیس کمپنی 995 ایم ایم سی ایف ڈی گیس موصول کررہی ہے۔
ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پاور سیکٹر کو گزشتہ روز 327 ایم ایم سی ایف ڈی گیس مہیا کی گئی۔ ملک بھر میں تمام صنعتیں اور سی این جی اسٹیشنز طلب کے مطابق گیس موصول کررہے ہیں۔
ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق کراچی میں پورٹ قاسم سے پارک لینڈ گیس پائپ لائن کی ہائیڈرو ٹیسٹنگ جاری ہے۔
خیال رہے کہ ستمبر میں پاکستان میں تیل اور گیس کی قیمتوں کا تعین کرنے والے ادارے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے سی این جی، پاور سیکٹر اور صنعتی شعبے کیلئے گیس مہنگی کر دی تھی۔
اوگرا نے ستمبر سے گیس مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا جس کے مطابق فرٹیلائزر سیکٹر کے لیے گیس کی قیمت میں 2 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پاور اسٹیشنز اور آئی پی پیز کے لیے گیس 33 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مہنگی کی گئی تھی۔ پاور اسٹیشنز کے لیے گیس کے کم سے کم چارجز میں 518 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ ہوا تھا ۔ تاہم گھریلو صارفین، کمرشل سیکٹر، تندور اور سیمنٹ فیکٹری کے لیے گیس مہنگی نہیں کی گئی تھی۔