کراچی کے دینی مدارس میں ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کا اہتمام، سیاسی اور مذہبی تدبر،استقامت،معاملہ فہمی او ر بردباری میں ان کا کوئی ثانی نہیں تھا،رہنما جے یو پی
کراچی کے دینی مدارس میں ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کا اہتمام، سیاسی اور مذہبی تدبر،استقامت،معاملہ فہمی او ر بردباری میں ان کا کوئی ثانی نہیں تھا،رہنما جے یو پی

قائدملت اسلامیہ علامہ شاہ احمدنورانی ؒ کا یوم وفات منایاگیا

کراچی:جمعیت علماء پاکستان کے رہنمامحمدشکیل قاسمی نے کہاہے کہ قائدملت اسلامیہ حضرت علامہ مولانا شاہ احمد نورانی صدیقی ؒموجودہ صدی کے واحد سیاستدان تھے جن کو عالمی سیاست پر عبور حاصل تھا،سیاسی اور مذہبی تدبر،استقامت،معاملہ فہمی او ر بردباری میں ان کا کوئی ثانی نہیں تھا،پاکستان اور مسلمانوں کودرپیش موجودہ بحرانوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے ہمیں ان کے افکار سے راہنمائی لینا ہو گی۔
یہ باتیں انہوں نے قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانی صدیقیؒ کے یوم وصال کے موقع پر منعقدہ اجتماع میلادمصطفےٰﷺ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔قائدملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی ؒکے یوم وصال کے موقع پرملک بھر کی طرح کراچی میں بھی یوم امام نورانی ؒپوری عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
اس سلسلے میں کراچی کے مختلف دینی اداروں اورمدارس میں علامہ شاہ احمد نورانی صدیقیؒ کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیاجبکہ کراچی کے دیگر علاقوں میں مختلف مقامات پر منعقدہ تقریبات سے جے یوپی رہنماؤں اور مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے قائدملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانی صدیقی ؒ کے کرداروخدمات پر روشنی ڈالی اور بھرپورخراج تحسین پیش کرتے ہوئے فی زمانہ ان کے جیسی قیادت کی ضرورت پر زوردیا۔
محمدشکیل قاسمی نے کہا کہ قیام پاکستان میں ہراول دستہ کا کردار ادا کرنے والوں کومتحد ہو کر اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہو گا۔ملک میں فرقہ واریت پھیلانے میں بیرونی قوتیں ملوث ہیں،تمام مکاتب فکر کے علماء کو چاہیے کہ ان سازشوں کو نام بناتے ہوئے محراب ومنبر سے اتحاد کے لئے آواز بلند کریں۔
انہوں نے مزیدکہا کہ تحریک ختم نبوتﷺ اور تحریک نظام مصطفیﷺ میں علامہ شاہ احمد نورانیؒ کا قائدانہ کردار اسلامیان پاکستان کے لئے فخر کاباعث ہے۔انہوں نے منکرین ختم نبوت کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور کروا کر سو سالہ مسئلے کو منطقی انجام تک پہنچا دیا،آج کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں میلادمصطفےٰ ﷺ کی رونقیں امام نورانی ؒ کی کاوشوں کاہی نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دینی قوتوں میں انتشار کے خاتمہ اور عملی اتحاد کے لئے علامہ شاہ احمد نورانی کے افکار پر عمل کرنا ہو گا۔ملی یکجہتی کونسل قائم کرکے علامہ شاہ احمد نورانی نے تمام مکاتب فکر کو سترہ نکات پر متحد کر کے ملک سے فرقہ واریت کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا۔
دیگرمقررین نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ انکے پیروکاران امام نورانی ان کی فکر کو اپناتے ہوئے امت میں اتحاد کے لئے قائدانہ کردار ادا کریں۔