بین الاقوامی اداروں کے ساتھ 6 ارب 79 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں کے ساتھ 3 ارب 46 کروڑ ڈالر قرض کے معاہدے کیے گئے، اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ
بین الاقوامی اداروں کے ساتھ 6 ارب 79 کروڑ ڈالر، کمرشل بینکوں کے ساتھ 3 ارب 46 کروڑ ڈالر قرض کے معاہدے کیے گئے، اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ

2019-20 میں لیے گئے قرضوں کی تفصیلات جاری کردی گئیں

اقتصادی امور ڈویژن نے 2019-20 میں بیرونی قرضوں کی تفصیلات جاری کردی، حکومت نے اس دوران 10 ارب 44 کروڑ ڈالرز کے قرضوں کے معاہدوں پر دستخط کیے۔
رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی اداروں کے ساتھ 6 ارب 79 کروڑ ڈالرز قرض کے معاہدے کیے گئے، کمرشل بینکوں کے ساتھ 3 ارب 46 کروڑ ڈالرز قرض کے معاہدے کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق باہمی ڈیولپمنٹ پارٹنرز کے ساتھ 19 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز کے معاہدے کیے گئے، بین الاقوامی اداروں نے7 ارب 50 کروڑ ڈالرز بجٹ سپورٹ کیلیے فراہم کرنےکی یقین دہانی کروائی۔
رپورٹ کے مطابق 2019-20 میں 10 ارب 70 کروڑ ڈالرز کا قرضہ لیا گیا، اس دوران غیر ملکی اداروں سے 6 ارب 50 کروڑ ڈالرزکا قرض لیا گیا۔
غیرملکی کمرشل بینک سے تین ارب 40 کروڑ ڈالرز کا ادھار لیا گیا، جبکہ 2018-19 میں 4 ارب 10 کروڑ ڈالرز کا قرض لیا گیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اے ڈی بی، آئی ڈی بی، اے آئی ڈی بی اور ورلڈبینک سے5 ارب 64 کروڑ ڈالرز ادھار لیا گیا، 30 جون 2020 تک بیرونی قرضہ 77 ارب 90 کروڑ ڈالرز تھا۔
رپورٹ کے مطابق 30 جون 2019 کو بیرونی قرضہ 73 ارب 40 کروڑ ڈالرز تھا، ایک سال میں بیرونی قرض میں 6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 2019-20 میں 10 ارب 40 کروڑ ڈالرز کا قرض واپس کیا گیا، اس دوران 8 ارب 50 کروڑ ڈالرز کا قرض اور ایک ارب 90 کروڑ ڈالرز کا سود ادا کیا گیا۔