لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ مسلم لیگ ن کے کارکنان نے گریٹر اقبال پارک کے 5 نمبر گیٹ کا تالا توڑ دیا۔
مینار پاکستان کے گراؤنڈ میں پی ڈی ایم کے جلسے کے لیے اسٹیج لگانے کا عمل جاری ہے، مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے گریٹر اقبال پارک کے 5 نمبر گیٹ کا تالا توڑ دیا، لیگی کارکنان اسٹیج بنانے کا سامان لے کر پارک میں داخل ہو گئے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کے جلسے کا اثر حکومتی حلقوں میں نظر آنا شروع ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھانا مریم نواز نے کھایا مگر بدہضمی حکومت کو ہوگئی ہے، جلسہ ہرصورت ہوگا جتنے مرضی مقدمات درج کرلیں، کارکن گھبرانے والے نہیں ہیں ۔
لیگی رہنما مریم اورنگزیب شہباز شریف سے ملاقات کے لیے احتساب عدالت پہنچیں، احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ عوام کی طاقت سے حکومت کو ووٹ کی عزت کا جواب دیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کی منظوری کے بعد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کو لاہور میں 13 دسمبر کے جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
پی ڈی ایم جلسہ کے حوالے سے صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں مینار پاکستان میں تیرہ دسمبر سے متعلق تھریٹ الرٹس کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث اپوزیشن کو لاہور میں جلسے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
صوبائی انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلسہ کرنے پر پی ڈی ایم کے تمام رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج ہوں گے جب کہ مینار پاکستان کو جانے والے راستے بند نہیں کئے جائیں گے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر بہت ضروری ہوں تو صرف دو مقامات پر کنٹینرز کھڑے کئے جا سکتے ہیں۔