دبئی: پولینڈ کی 20 سالہ لڑکی نے 14000 فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر ہوا میں رقص کا مظاہرہ کیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی کے مشہور علاقے نخلہ جمیرا کے مقام پر پولینڈ کی ایک نوجوان لڑکی نے 14000 فٹ بلندی سے پیرا شوٹ کے ذریعے کود کر شائقین کو حیران کردیا۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولش لڑکی ماجا کوچنسکا اسکائی ڈائیونگ کے کھیل کے لیے مختص ’اسکائی ڈائیو دبئی‘ طیارے سے کودنے کے بعد ہوا میں رقص کررہی ہیں اور مختلف کرتب دکھا رہی ہیں۔
20 سالہ ماجا کوچنسکا کا کہنا تھا کہ ہوا میں رقص کرنے کی صلاحیت اور پیٹ کے بل، پیٹھ کے بل، سیدھا بیٹھنے اور سر نیچے کی طرف جھکا کر اڑنے پر مہارت صرف محنت اور پریکٹس سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے، ہوا کا سامنے کرنے والی چیز کی سطح جتنی زیادہ ہوگی نیچے کی طرف آنے کی رفتار اتنی ہی کم ہو جائے گی اور جس چیز کی سطح جس قدر کم ہوگی اسی قدر رفتار میں تیزی آئے گی۔