پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کا واحد چڑیا گھر بھی بالآخر بند کردیا گیا۔
بدھ کو ہمالین ریچھ ببلو اور سوزی کی اردن روانگی کے بعد چڑیا گھر میں اب کوئی جانور نہیں رہا اور بالآخر اسے تالا لگا دیا گیا ہے۔
وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ترجمان سلیم شیخ نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسلام آباد چڑیا گھر اب مکمل طور پر عوام اور حکام کیلئے بند کردیا گیا ہے، دونوں ریچھوں کو اردن بھیجا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کے چڑیا گھر میں جانوروں کی ابتر حالت پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا اور تمام جانوروں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کرنے کے احکامات دیے تھے۔
دو شیر اور ایک شتر مرغ منتقلی کے دوران ہلاک ہوگئے تھے جبکہ گزشتہ دنوں کاون ہاتھی کو کمبوڈیا منتقل کیا گیا ہے۔
اسلام آباد چڑیا گھر کا قیام 1978 میں عمل میں آیا تھا اور یہ 10 ہیکٹر کے علاقے پر محیط ہے جسے اب وائلڈ لائف کنزرویشن سینٹر کا حصہ بنانے کا منصوبہ ہے۔